ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکہ کی ایران پرمزیدپابندیاں خامنہ ای سے وابستہ فاؤنڈیشن اور وزیرسراغرسانی نیا ہدف

امریکہ کی ایران پرمزیدپابندیاں خامنہ ای سے وابستہ فاؤنڈیشن اور وزیرسراغرسانی نیا ہدف

Thu, 19 Nov 2020 18:06:03    S.O. News Service

واشنگٹن، 19؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا) امریکہ نے ایران میں حکومت مخالف تحریک کے دوران میں مظاہرین پر کریک ڈاؤن اور ان کی انسانی حقوق کی پامالیوں کے الزام میں وزیر سراغرسانی محمود علوی سمیت بعض سینئر عہدے داروں اور رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے وابستہ ایک فاؤنڈیشن کے خلاف نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔محمود علوی پر نومبر 2019میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے شرکاء کے خلاف خونین کریک ڈاؤن کے لئے اپنی وزارت کو استعمال کرنے کا الزام ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسٹیون نوشین نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ اپنی بنیاد مصطظفان فاؤنڈیشن کو اپنے اتحادیوں میں خیرات کے نام پر رقوم بانٹنے کے لئے استعمال کرتے رہے ہیں۔ امریکہ ایران کے ان بنیادی عہدے داروں اور آمدن پیدا کرنے کے ذرائع کو ہدف بناتا رہے گا، جن کی بدولت ایرانی نظام نے اپنے ہی عوام کے خلاف جبر واستبداد کو جاری رکھا ہوا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھنے کی مہم پر عمل پیرا ہے اور اس نے مئی 2018 میں ایران سے طے شدہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبرداری کے بعد سے سخت اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس مہم کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نئے مشرق اوسط کی تشکیل کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھنے کی مہم کا حصہ ہے۔اس دباؤ میں کمی ایک خطرناک انتخاب ہوسکتا ہے۔اس صورت میں خطے میں قیام امن کے لیے نئی شراکت داری کمزور پڑے گی اور اس سے صرف اور صرف ایران ہی مضبوط ہوگا۔انھوں نے کہا کہ اب ہم غلط اطلاعات پھیلائے جانے کی بھی توقع کرتے ہیں اور ایسی رپورٹس سامنے لائی جائیں گی اور دلائل دیئے جائیں گے جن میں یہ کہا جائے گا کہ امریکہ کی ایران کے خلاف پابندیاں ناکام رہی ہیں لیکن ہمیں دھوکا نہیں دیا جانا چاہیے۔


Share: